پنجاب ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں اپنی کارکردگی کا ریکارڈ خود توڑے گا: مریم نواز

 کورونا کے بعد پہلی بار لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں بہتری ریکارڈ ، وزیراعلی کی  ای پی اے سمیت پنجاب حکومت کی تمام ٹیم کو شاباش

لاہور(سپیشل رپورٹر)ووزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحول دوست اقدامات کے نتیجے میں 2025 ء سموگ میں کمی اور فضائی معیار میں نمایاں بہتری کا سال ثابت ہوا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی گہری دلچسپی کے باعث کورونا کے بعد پہلی بار لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی ۔ پاکستان میں پارٹیکولیٹ میٹر کی اوسط سطح میں 8.7 فیصد کمی آ گئی ۔تمام صوبوں کے مقابلے میں پنجاب نے ماحولیاتی شعبے میں سب سے بہترین کارکردگی دکھائی، پارٹیکولیٹ میٹر میں 33.2 فیصد کمی دیکھی گئی ۔ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2025ء میں ماحولیاتی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا،81 ہزار سے زائد وزٹس، ایک لاکھ 13 ہزار سے زیادہ انسپکشنز ہوئیں۔ ای پی آئی کی رپورٹ کے مطابق ملتان، بہاولپور، لودھراں اور منڈی بہاؤالدین میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ تمام شعبوں میں ماحولیاتی نظام کی بہتری کے جامع اقدامات کے مجموعی طور پر نہایت موثر نتائج سامنے آئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ای پی اے سمیت پنجاب حکومت کی تمام ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا پنجاب ماحولیاتی تحفظ کا مثالی صوبہ بن رہا ہے۔ 2026ء میں پنجاب ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں اپنی کارکردگی کا ریکارڈ خود توڑے گا۔