پختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں نوجوانوں کو قرضہ حسنہ دینے کا فیصلہ

پختونخوا کے سیاحتی علاقوں میں نوجوانوں کو قرضہ حسنہ دینے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر، صوبے کے سیاحتی مقامات پر رہائش پذیر نوجوانوں کو قرضہ حسنہ فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ سیاحت کے شعبے میں فعال طور پر حصہ لے سکیں۔

مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کے مطابق، یہ اقدام سیاحت کے فروغ اور مقامی نوجوانوں کو خود مختار بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کر کے انہیں سیاحتی علاقوں میں اپنے گھروں میں سیاحوں کے لیے کمرے بنانے یا موجودہ کمرے کی تزئین و آرائش کرنے کے قابل بنانا ہے۔اس پراجیکٹ کے تحت، سوات کے کالام، دیر اَپر کے کمراٹ، دیر لوئر کے لڑم ٹاپ، چترال کے اَپر اور لوئر علاقوں، گلیات ایبٹ آباد، کاغان اور مانسہرہ کو منتخب کیا گیا ہے۔

مشیر سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور بینک آف خیبر کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، اور اس میں خواتین انٹرپرینیورز کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ قرضہ حسنہ کی مقدار 30 لاکھ روپے تک ہوگی۔مقامی نوجوانوں کو اس پروگرام کے ذریعے قرضے فراہم کرنے کا مقصد انہیں سیاحوں کے لیے بہترین رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ سیاحت کے شعبے کو مزید فروغ مل سکے اور مقامی معیشت میں بہتری آئے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 جنوری 2025 تک رکھی گئی ہے۔