ن لیگ پیپلز پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

پیپلزپارٹی کا کھل کرمخالفت کا فیصلہ نوک جھونک چلتی رہتی :احسن اقبال
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ، پیپلزپارٹی نے حکومتی پالیسیوں پر کھل کر مخالفت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے رہنمائوں کو اہم ہدایات جاری کردیں جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے اور اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی نوک جھونک چلتی رہتی ہے۔اطلاعات کے مطاق پیپلزپارٹی کی قیادت نے رہنمائوں کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی اجازت دے دی اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کی جائے۔اس حوالے پیپلزپارٹی قیادت نے پارٹی رہنمائوں کو گائیڈ لائنز دی ہیں، وفاق اور پنجاب میں حکومت کی غلط پالیسیوں پر کھل کر تنقید ہو گی۔ پارٹی رہنمائوں نے قیادت کو حکومتی پالیسیوں پر تحفظات سے آگاہ کیا اور مشورہ دیا تھا کہ حکومتی پالیسیوں پر خاموشی حمایت کے مترادف ہے لہذا اس معاملے پر تنقید کی جائے۔پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں پر خاموشی سیاسی طور نقصان دہ ہے، حکومت کے غلط کاموں، ناقص پالیسیوں کا نزلہ پی پی پر گرے گا اور پیپلزپارٹی کسی بھی برائی کا ملبہ خود پر گرنے نہیں دے گی۔ سندھ کے وزیر منصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اوروفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آپس کی باتوں کو اچھی طرح ڈیل کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دو بڑی سیاسی جماعتیں ہیں، جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں، جہاں ملک کا مفاد ہوتا ہے وہاں دونوں جماعتیں اپنے مفاد کو نہیں دیکھتیں ، اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو معاشی بحران اور دہشتگردی سے نکالنا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا اْڑان پاکستان پروگرام پیپلز پارٹی کے تعاون سے چلا رہے ہیں،اس پرخیبر پختونخوا حکومت کو بھی اعتماد میں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ این ایف سی کا اجلاس بلانے کا اعلان کردیاہے،یقیناً مسائل ہیں اور ہم ہی حل کریں گے، ملک کے اندرونی اور بیرونی مسائل سے نمٹنے کیلئے تمام اتحادیوں کے اتفاق کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے، ان سے مانگی گئی تو ان کی رسیدیں بوگس نکلیں، بانی پی ٹی آئی اصلی رسیدیں دکھا دیں گے تو وہ رہا ہوجائیں گے۔ناصر شاہ کا کہناتھاکہ دونوں جماعتیں ملکر ملکی مفاد کیلئے کام کرنے کوتیار ہیں۔ وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے پیپلزپارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، اس کو کوئی اعتراض ہے تو دور کریں گے۔ میں نے دو دفعہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی ، اتحادی جماعتوں میں شکوے شکایات ہوتے ہیں،ہم انہیں مل جل کر حل کریں گے۔ الیکشن میں تین پارٹیوں کو اکثریت ملی ،دونوں جماعتوں کے مفاد میں ہے کہ مل کر چلیں،ملک ترقی کررہا ہے۔