بجٹ، پیپلز پارٹی کے تحفظات برقرار
حکومتی حکا م اور پیپلز پارٹی رہنمائوں کا اجلاس نتیجہ خیز نہ ہوسکا، حکومت بجٹ اجلاس سے قبل اہم قانون سازی کرنا چاہ رہی جس کے آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق اہم اثرات ہوں گے ،پیپلز پارٹی مخالفت کر رہی ہے: پارلیمانی ذرائع
اسلام آباد( بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور نہ ہو سکے،حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ پر تاحال اتفاق رائے نہ ہو سکا، نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی حکا م اور پیپلز پارٹی رہنمائوں کا اجلاس نتیجہ خیز نہ ہوسکا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت بجٹ اجلاس سے قبل اہم قانون سازی کرنا چاہ رہی ہے، قانون سازی کے آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق اہم اثرات ہوں گے تاہم پیپلز پارٹی قانون سازی کے حق میں نہیں ہے۔پارلیمانی ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شگر ویلی میں اپنے خطاب میں واضح پیغام دیا ہے، پیپلز پارٹی مجوزہ ترامیم کی مخالفت کر رہی ہے، بجٹ اجلاس سے قبل ترامیم نہ ہو سکیں تو آئندہ مالی سال میں تبدیلیاں نہیں آسکیں گی۔پارلیمانی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کو منانے کے لیے اہم شخصیات کو ٹاسک دے دیا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری فی الحال گلگت بلتستان میں الیکشن مہم میں مصروف ہیں، بلاول بھٹو زرداری کو منانے کے بعد ہی بجٹ اجلاس کی نئی تاریخ دی جا سکے گی۔