چمن میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں آئین کی حیثیت کو مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے، اور اس صورتحال میں اگر حکومت پارلیمنٹ سے باہر فیصلے کرتی ہے تو اسمبلی کو فوراً فارغ کر دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو حالات ہیں، وہ آئین کی بالادستی کو مستحکم کرنے کے بجائے اس کی حیثیت کو ختم کر چکے ہیں۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا حل آئین کی بالادستی اور اس کا مکمل نفاذ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک آئین کا سچا نفاذ نہیں ہوگا، ملک کے بحرانوں کا خاتمہ ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جرگے کے فیصلوں سے حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، کیونکہ یہ جرگہ قوم کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔
محمود خان اچکزئی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹیبل ٹاک کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کی فضا قائم ہو سکے۔