پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر کو بسنت کی تقریب منانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ندا یاسر، جو گزشتہ 18 برس سے مارننگ پاکستان کی میزبانی کر رہی ہیں اور انسٹاگرام پر 24 لاکھ فالوورز رکھتی ہیں، عموماً گفتگو پر مبنی شوز کرتی ہیں اور متنازع بیانات کی وجہ سے اکثر تنقید کا شکار رہتی ہیں۔حالیہ دنوں میں مختلف متنازع مباحث کے بعد، ندا یاسر نے اپنے شو میں بسنت منانے کا فیصلہ کیا اور اس موقع پر گانے ’شکر ونداں رہ‘ پر رقص کے اسٹیپس بھی سیکھے۔ شو میں معروف کوریوگرافر نگاہ جی، سعدیہ امام، کرن خان، گلوکار جنید سمیت دیگر مہمانوں نے شرکت کی اور بسنت کی تقریبات پر گفتگو کی۔
تاہم، ندا یاسر اور دیگر فنکاروں کی جوشیلے انداز نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل پیدا کیا۔ صارفین نے کہا کہ یہ وقت پاکستان کے سنگین حالات کے دوران نامناسب ہے، جہاں بلوچستان میں صورتحال خراب ہے اور راولپنڈی میں بم دھماکہ ہوا ہے۔کئی صارفین نے شو کی خواتین میزبانز کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریبات غیر مناسب اور شرمناک ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، "کیا وہ اپنے شو میں کچھ بہتر سکھا نہیں سکتیں؟"، جبکہ دیگر نے کہا کہ "کراچی میں ہونے والے انسانی نقصان کی کسی کو پروا نہیں، بس تہوار منائے جا رہے ہیں"۔