بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں امن تباہ کرنا چاہتا ہے:خواجہ آصف

 بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں امن تباہ کرنا چاہتا ہے:خواجہ آصف

وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں ملوث حملہ آور پاکستانی شہری تھا، جو کچھ عرصہ قبل افغانستان گیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس خودکش حملے کا مقصد پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے لیے ایسا وقت چُنا گیا جب پاکستان نے دو ممالک کے ساتھ اہم معاہدے کیے تھے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت براہِ راست کسی جارحیت کی جرات نہیں کر سکتا، تاہم وہ اپنی پراکسیز اور افغانستان کے ذریعے پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔خواجہ محمد آصف نے مزید بتایا کہ خودکش حملہ آور نوشہرہ سے اسلام آباد آیا تھا اور سیکیورٹی ادارے اس کے قریبی رشتہ داروں تک پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان رابطہ موجود ہے اور بظاہر اب خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اونرشپ لے رہی ہے۔