آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، فروشوں ، بنانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کریں:ڈاکٹر عثمان انور
لاہور ( کرائم رپورٹر):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا حکم دیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائیں۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر481 ملزمان گرفتار، 468 مقدمات درج کئے گئے،30 ہزار سے زائد پتنگیں، 953 ڈور چرخیاں برآمد، 300 سے زائد کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 180 سے زائد ملزمان گرفتار، 187 مقدمات درج، 1000 سے زائد پتنگیں، 210 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔گزشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525ملزمان گرفتار، 11866 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ جان لیوا کھیل کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔