اسلام آباد دھماک بسنت کی سرکاری تقریبات منسوخ مریم نواز
بسنت کے پہلے روز فضاء میں رنگ برنگی پتنگیں اڑتی رہیں،شائقین کا چھتوں پربھی ہلہ گلہ ،’’بوکاٹا ‘‘کاشور ،، ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانوں پربھی رش ،قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے ، ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے: مریم نواز
لاہور ( کرائم رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ اسلام آباد کے پیشِ نظر آج ہفتہ کو بسنت سے متعلق تمام سرکاری تقریبات منسوخ کر دیں۔ لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کا پہلا دن ، فضا رنگ برنگی پتنگوں سے بھر ی رہی،رات کو بھی چھتوں پر شہریوں کا جوش و خروش، شہر میں تہوار کا سماں رہا مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ ایکس‘پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ (آج)ہفتہ کو ہونے والی بسنت کی تمام شیڈول سرکاری تقریبات منسوخ کی جاتی ہیں ، لبرٹی سکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید لکھا کہ قومی سانحہ پر یکجہتی کے اظہار کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا، قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے ،خوارجی عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے، ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنا وقت کی ضرورت ہے، پاکستان زندہ باد!۔سانحہ اسلام آباد سے قبل وزیراعلیٰ مریم نواز نے زندہ دلان لاہور کاشکریہ ادا کرتے کہاکہ بسنت کی خوشیاں منائیں،ہم آپ کے ساتھ ہیں ،اس دوران تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں 6 سے 8فروری تک جاری بسنت میلہ کے پہلے دن فضا رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گئی، چھتیں آباد ہو گئیں ، ہر سمت ’’بوکاٹا‘‘ کی گونج سنائی دیتی رہی ، شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں کی چھتوں پر خاندان ، دوست احباب نے اکٹھے ہو کر تہوار کا لطف اٹھایا، اس موقع پر لذیز پکوانوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ موچی دروازے سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے سامان کی خریداری کیلئے رش رہا،پتنگوں اور ڈور کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔دکانداروں کاکہنا ہے کہ بڑھتی طلب کے باعث قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا تاہم شہریوں کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں آئی۔ شہر بھر میں بیکریوں، ہوٹلوں اور کھانے پینے کی دکانوں پربھی رش رہا ، بسنت کے خصوصی کیک، مٹھائیاں اور روایتی کھانے شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔بسنت کی خوشیوں میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ بھی شریک ہوئے اورانہوں نے شہریوں کے ساتھ مل کر پتنگیں اڑائیں اور روایتی تہوار کا لطف اٹھایا۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے عوام سے اپیل کی کہ بسنت کا تہوار حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق منایا جائے ، محفوظ بسنت ہی حقیقی خوشیوں کی ضمانت ہے۔ دریں اثناء انتظامیہ کی جانب سے محفوظ بسنت کے انعقاد کیلئے خصوصی اقدامات و سکیورٹی انتظامات کئے گئے ، بجلی کی تاروں کے تحفظ ، طبی امداد کے انتظامات اور ہنگامی خدمات کو الرٹ رکھا گیا ، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں تھیں ،حکومت کی جانب سے شہر کے 24 روٹس پر بس سروس کی مفت سفری سہولت فراہم کی گئی ،یہ تینوں روز فعال رہے گی۔