بسنت فیسٹیول:ہوٹلز ، چھتیں بک،ہائی الرٹ
لاہورتین زونز میں تقسیم ،ہائی رسک زون میں 48، ییلو میں 32 ، گرین میں 20کیمپ قائم ، لاہور اور پنجاب بھر کے شہری آئیں، ہمارے ساتھ بسنت منائیں،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گانا ’’گڈی لہور دی اڈی‘‘ بھی شیئر کیا
بسنت فیسٹیول کے حوالے سے تمام انتظامی اور حفاظتی تیاریاں آج رات تک مکمل، شاہراؤں اور اہم مقامات کو رنگ برنگی پتنگوں سے سجا دیا گیا،سیکیورٹی کے فوول پروف انتظامات ،لاہوریوں میں جوش وخروش
لاہور(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشنِ بسنت کا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر 7 فروری کو لبرٹی چوک میں جشنِ بسنت کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور پنجاب بھر کے شہری آئیں اور لبرٹی چوک میں ہمارے ساتھ بسنت کا تہوار منائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے حوالے سے گانا ’’گڈی لہور دی اڈی‘‘ بھی شیئر کیا۔انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کی ثقافت، خوشیوں اور رنگوں کا تہوار ہے ،صوبے بھر سے لوگ بسنت منانے لاہور آ رہے ہیں۔ لاہور کے ہوٹلز اور چھتیں بک ہوچکی ہیں 25 برس کے بعد بسنت کی اجازت ملنے کے بعد لوگوں میں بہت جوش و خروش پایاجاتا ہے۔ : بسنت فیسٹیول پر فیصل آباد اور گوجرانوالہ سے بھی ڈاکٹرز لاہور بلا لئے گئے۔ سرجری اور ای این ٹی کے ایسوسی ایٹ ، اسسٹنٹ پروفیسر اور سینئر رجسٹرار بلائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ ڈاکٹرز کوٹ خواجہ سعید ، یکی گیٹ اور سید مٹھا ہسپتال میں خصوصی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ سروسز ہسپتال سے سرجری اور ای این ٹی کے ڈاکٹر میاں منشی ہسپتال میں تعینات ہونگے۔ جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ میں ڈیوٹی دیں گے۔ جنرل ہسپتال سے ڈاکٹرز سید مٹھا ہسپتال میں ڈیوٹی پر ہونگے۔اسی طرح الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے ڈاکٹرز کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ڈیوٹی دیں گے۔ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی سید مٹھا ہسپتال میں ڈیوٹی دیں گے۔کراچی اور لاہور کے درمیان فضائی سفر بسنت کے قریب آتے ہی نمایاں طور پر مہنگا اور مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ہوائی کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ریلوے سروسز پر بھی شدید دباؤ ڈال دیا ہے۔ایئرلائنز نے محدود نشستوں اور زیادہ طلب کے باعث کراچی–لاہور روٹ پر ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور نجی فضائی کمپنیوں نے بسنت سے قبل بکنگ میں اضافے کے بعد کرایے بڑھا دیے ہیں۔یک طرفہ ہوائی کرایہ 68 ہزار روپے سے تجاوز کر چکا ہے اور مزید مسافروں کے لاہور جانے کے باعث اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 5 فروری کی سرکاری چھٹی نے بھی طلب میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث کئی مسافروں کے پاس مہنگے ٹکٹ خریدنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز رش اور محدود گنجائش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حد سے زیادہ کرایے وصول کر رہی ہیں، جس سے بہت سے خاندانوں کے لیے سفر ناقابلِ برداشت ہو گیا ہے۔پاکستان ریلوے بھی دباؤ کم کرنے میں ناکام رہی ہے، کیونکہ کراچی–لاہور روٹ پر ٹرینیں تقریباً مکمل گنجائش پر چل رہی ہیں۔ ٹکٹوں کی کمی کے باعث کئی مسافروں کو مہنگے ہوائی سفر کا رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ زندہ دلانِ لاہور دہائیوں بعد ایک بار پھر بسنت منانے کیلئے تیار ہیں۔تین روزہ بسنت فیسٹیول کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں رنگ، خوشی اور جوش کی فضا قائم ہو گئی، جبکہ بیرونِ ممالک سے بھی شائقین کی آمد شروع ہو چکی ہے۔ بسنت فیسٹیول کے حوالے سے تمام انتظامی اور حفاظتی تیاریاں آج رات تک مکمل کر لی جائیں، ضلعی انتظامیہ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) شہر بھر میں آگاہی پیغامات دے رہی ہیں جبکہ شاہراؤں اور اہم مقامات کو رنگ برنگی پتنگوں سے سجا دیا گیا