آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے
کور کمانڈر ملتان کی ڈی جی خان کے اساتذہ و طلبہ سے خصوصی نشست، علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال
ملتان ( آئی این پی)کور کمانڈر ملتان نے غازی یونیورسٹی، ڈی جی خان میڈیکل کالج اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ سے خصوصی نشست کی، جس میں وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خصوصی نشست کے دوران بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر ایران سمیت خطے میں رونما ہونے والی اہم سٹریٹجک تبدیلیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔کور کمانڈر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو قومی نظریہ ہماری قومی وحدت کی بنیاد ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالی کی مدد اور قوم کی بھرپور حمایت سے حاصل ہونے والی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔