کابل(آئی این پی )افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ملک میں کسی بھی بیرونی یا غیر ریاستی گروہ کی موجودگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ افغانستان محفوظ ہے، یہاں کوئی بیرونی یا شدت پسند گروہ موجود نہیں۔ذبیح اللہ مجاہد نے دعوی کیا کہ داعش کو افغانستان میں شکست دی گئی ہے لیکن بدقسمتی سے اس نے پڑوسی ممالک میں ٹھکانے بنا لئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم کہتے ہیں کہ افغانستان کی زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اس کا مطلب ہے کہ کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔