فتنہ الہندوستان کا پروپیگنڈا ناکام، 3نوجوانوں کا شدت پسند گروہ سے اظہار لاتعلقی

ہمارے نوجوان سوشل میڈیا کے منفی استعمال کے باعث غلط راستے پر چلے گئے تھے، مولانا ہدایت الرحمن 
کوئٹہ (آئی این پی )گوادر سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں اسد جلال، شریف اور اکرم نے فتن الہندوستان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔گمراہ کن پروپیگنڈے کا شکار نوجوانوں کے اہلِ خانہ نے پاکستان سے غیرمتزلزل وفاداری اور وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا۔گوادر پریس کلب میں نوجوانوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ ہمارے نوجوان گمراہ کن پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال کے باعث غلط راستے پر چلے گئے تھے۔نوجوان نے کہا کہ گمراہ عناصر سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، وطن عزیز پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ نوجوان شدت پسند تنظیموں کا ساتھ چھوڑ کر گھروں کو واپس آئیں اور تشدد کا راستہ ترک کریں، واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پرامن اور جمہوری جدوجہد میں ہے۔