برطانوی پاکستانی کمیونٹی تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے
پالیسی سطح کی شراکت داری خطے کی پائیدار ترقی کے لئے نہایت اہم ہے: برطانیہ کی وزیرمملکت سے ملاقات میں گفتگو
لاہور ( سپیشل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے برطانیہ کی وزیرِ مملکت برائے بین الاقوامی ترقی بیرونس چیپ مین نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، ہیڈ آف لاہور آفس بین وارننگٹن، ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈک اور سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ, صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خاں اور سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات پارلیمانی تعاون اور ترقیاتی اہداف کے باعث مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کی بہتری اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تکنیکی اور پالیسی سطح کی شراکت داری خطے کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ اسپیکر ملک محمد احمد خاں نے برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ اسپیکر ملک محمد احمد خاں نے پنجاب اسمبلی کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی صوبے میں مضبوط جمہوری نظام کے استحکام کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔