امریکہ کو طاقتور بنائیں گے‘آزادی اظہار رائے کا ہر قیمت پر تحفظ کرناہوگا ڈونلڈ ٹرمپ

 اگلے سال قیام امریکہ کے 250 سال مکمل ہورہے ہیں، ہمیں دنیا کے سامنے مزید مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،ہم اپنے ہیروز کو عزت دینے جارہے ہیں

جنگ ختم ہونے کے بعد اسرائیل غزہ امریکہ کے حوالے کردے گا، امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی، امریکہ ہمیشہ ایک قوم بن کر رہے گا:امریکی صدر کا نیشنل پریئر بریک فاسٹ سے خطاب
واشنگٹن(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے  اسرائیل جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کو امریکہ کے حوالے کردے گا، اس کا مطلب یہ ہے کہ زمین پر کسی امریکی فوجی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیشنل پریئر بریک فاسٹ سے خطاب میں کہا کہ اگلے سال قیام امریکا کے 250 سال مکمل ہورہے ہیں، ہمیں دنیا کے سامنے مزید مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہیروز کو عزت دینے جارہے ہیں، آزادی اظہار رائے کا ہر صورت تحفظ کرنا ہوگا، امریکا ہمیشہ ایک قوم بن کر رہے گا۔غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کے انتظامی کنٹرول اور فلسطینی رہائشیوں کو مستقل طور پر کسی اور ملک میں آباد کرنے کی سے متعلق اپنی ایک پوسٹ میں وضاحت کی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جنگ ختم کرنے کے بعد اسے امریکا کے حوالے کردے گا، اس دوران وہاں بسنے والے فلسطینیوں کو پہلے ہی اس خطے سے زیادہ خوبصورت اور جدید گھروں میں منتقل کردیا جائے گا جہاں وہ زیادہ محفوظ ہوں گے، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔