راجندر مینگھوار نے فیصل آباد کے گلبرگ سرکل میں عہدے کا چارج سنبھال لیا
مقابلے کا امتحان 2021 میں پاس کیا ، تعلق ضلع بدین سے والد ڈاکٹر ہیں
فیصل آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک )ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہندو پو لیس افسر کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی) تعینات کر دیا گیا ۔سندھ کے ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے راجندر مینگھوار نے فیصل آباد کے گلبرگ سرکل میں عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایک ہندو افسر فیصل آباد میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق دیگر مذاہب کے کئی اہلکار پولیس میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں تاہم اس عہدے پر راجندر مینگھوار جیسے افسر کی یہ پہلی تعیناتی ہے۔راجندر نے میٹرک تک تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے جامشورو میں یونیورسٹی آف سندھ میں داخلہ لیا اور انگلش لٹریچر میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے مقابلے کا امتحان 2021 میں پاس کیا اور پولیس سروسز میں شامل ہوئے۔رواں برس قذافی سٹیڈیم میں کئی میچز کے دوران وہ سکیورٹی ڈیوٹی بھی انجام دے چکے ہیں۔راجندر کے والد لعل جی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔اس سے قبل ملکی تاریخ میں پہلی بار ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون سْمن بودانی کو سول جج کے عہدے پر بھی تعینات کیا جا چکا ہے۔