وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے گومل میڈیکل کالج کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی ڈاکٹر کی سفارش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو اسے عظمت کی طرف لے جائے۔علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وہ دور دراز علاقوں میں ہیلتھ یونٹس کو فعال بنانے کے لئے کام کریں گے، تاہم امن و امان کی خراب صورت حال کی وجہ سے لوگ ان یونٹس میں ڈیوٹی دینے سے گریز کرتے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے نوجوان ڈاکٹروں کو پسماندہ علاقوں میں جا کر خدمت کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں وہی لوگ نمایاں ہوئے جنہوں نے غیر معمولی کام کیے۔علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ اگر ان کا ماضی ٹھیک نہیں ہے تو وہ اپنے حال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں اور دماغ سے سوچ کر مسائل کا حل نکالیں۔