اوورسیز پاکستانیوں کو کال دیں گے پیسے نہ بھیجیں:علیمہ خان

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی کی بہن  علیمہ خان نے کہا ہے  اوورسیز پاکستانیوں کو آواز اٹھانے پر دھمکیاں دی جاتی ہیں اگر وہ پاکستان پیسہ بھیجنا بند کردیں تو حکومت نہیں چلے گی‘جمعہ تک مطالبات نہ مانے تو اوورسیز پاکستانیوں کو کال چلی جائے گی کہ وہ پاکستان پیسہ نہ بھیجیں، اب مشکلات ہوں گی  لیکن حکومت نہیں چل سکے گی، اگر مذاکرات کے لیے اسٹیبلشمنٹ آفر دیتی ہے تو مذاکراتی کمیٹی ان سے مذاکرات کرے گی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے  کہا  پچھلے دو اڑھائی سال سے پاکستان ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے، 9 مئی جنہوں نے کرایا انھوں نے سی سی ٹی وی چوری کی اس میں 16 لوگوں کو اسنائپر سے شہید کیا گیا، لوگوں کو ڈرایا گھروں کو توڑا خواتین کے ساتھ وہ کیا جو پہلے نہیں ہوا، کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ووٹ دیا انھوں نے چوری کیا، لوگ بھیڑ بکریاں بننے سے انکار کریں گے تو ظلم کا نظام ختم ہوجائے گا، جناح ایونیو ڈی چوک پر جو آپریشن ہوا اس میں ڈیڑھ سو لوگ مسنگ ہیں، پہلے آپ نے جمہوریت کو ختم کیا، جمہوریت نیشنل اسمبلی، عدلیہ اور میڈیا پر کھڑی ہے، ان تینوں چیزوں کو زمین بوس کردیا گیا اس نظام میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور نہ ہی تحفظ ہوگا آگے کے دن بہت برے ہیں، بجلی گھر انہی لوگوں کے ہیں جو ملک کو کنٹرول کررہے ہیں۔انہوں نے کہا پہلا مشکل وقت آئے گا تو محسن نقوی ملک سے فرار ہوجائیں گے۔