پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو یہ غلط فہمی ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے، جبکہ حقیقت میں اسلام آباد میں ان کی اپنی حکومت بھی خطرے میں ہے اور اس کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ کا ایک دھڑا وزیراعظم کو اتحادیوں سے لڑوانا چاہتا ہے اور اصل سیاسی کشمکش اسلام آباد اور لاہور کے درمیان جاری ہے، جو ان کے اپنے خاندان کا اندرونی معاملہ ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار طویل عرصے تک انٹرنیٹ اور سڑکیں بند رہیں، جس سے عوام اور کاروباری طبقہ شدید متاثر ہوا۔ بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں اور آزاد کشمیر میں سچائی و مفاہمتی کمیشن قائم کیا جائے۔پی پی پی چیئرمین نے مرحلہ وار انتخابات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں کبھی چھ مراحل میں انتخابات نہیں ہوئے، ایک ہی روز پولنگ ہونی چاہیے تھی، جبکہ مرحلہ وار الیکشن کا مقصد دھاندلی کرنا تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ کمیشن کی رپورٹ آنے تک تمام فریق مزید کشیدگی سے گریز کریں اور آزاد کشمیر میں امن و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔