فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ سیاسی حمایت کے الزامات کے بعد ایک نئے تنازع کا سامنا کر رہے ہیں۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم فیئر اسکوائر (FairSquare) نے اعلان کیا ہے کہ وہ انفانٹینو کے خلاف بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) میں باضابطہ شکایت دائر کرے گی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیئر اسکوائر کا مؤقف ہے کہ جیانی انفانٹینو نے مختلف مواقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں عوامی بیانات اور سرگرمیوں کے ذریعے فیفا کے ضابطۂ اخلاق میں درج سیاسی غیرجانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے، جو عالمی فٹبال تنظیم کے بنیادی اخلاقی تقاضوں میں شامل ہے۔تنظیم کے مطابق اسی نوعیت کے الزامات کی بنیاد پر دسمبر 2025 میں بھی فیفا کی ایتھکس کمیٹی سے رجوع کیا گیا تھا، تاہم اب معاملے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے آئی او سی سے بھی مداخلت کی درخواست کی جا رہی ہے۔شکایت میں خاص طور پر فیفا کی جانب سے متعارف کرائے گئے "فیفا پیس پرائز" کے اجرا اور اسے ڈونلڈ ٹرمپ کو دیے جانے کے فیصلے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ یہ واضح کیا جائے کہ آیا یہ فیصلہ فیفا کونسل کی منظوری سے کیا گیا تھا یا پھر صدر انفانٹینو نے اپنی صوابدید پر یہ اقدام اٹھایا۔
دوسری جانب فیفا نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایتھکس کمیٹی شکایت کا ابتدائی جائزہ لے سکتی ہے، تاہم صرف شکایت موصول ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ باقاعدہ انضباطی کارروائی لازمی طور پر شروع کر دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق اس معاملے نے یورپ میں بھی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کے 50 اراکین اور ناروے کی فٹبال فیڈریشن بھی فیفا صدر کے طرزِ عمل کی تحقیقات کے مطالبے کی حمایت کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی کھیلوں کے اداروں کے سربراہان کو ہر قسم کی سیاسی وابستگی کے تاثر سے بھی گریز کرنا چاہیے تاکہ اداروں کی غیرجانبداری اور ساکھ برقرار رہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر شکایت پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز ہوتا ہے تو یہ نہ صرف جیانی انفانٹینو بلکہ فیفا کی گورننس، شفافیت اور اخلاقی ضابطوں پر بھی اہم سوالات کھڑے کر سکتا ہے، جبکہ آئندہ عالمی فٹبال ایونٹس کے تناظر میں بھی اس معاملے کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہو سکتی ہے۔