راج پال یادو پھر بڑی مشکل میں: 16 کروڑ روپے کے قرض پر بینک کا ایکشن

راج پال یادو پھر بڑی مشکل میں: 16 کروڑ روپے کے قرض پر بینک کا ایکشن

بالیوڈ کے معروف اداکار راج پال یادو ایک بار پھر مالی اور قانونی مسائل میں گھیرے میں آ گئے ہیں۔

 سینٹرل بینک آف انڈیا نے 16.61 کروڑ روپے کے مبینہ قرض کی عدم ادائیگی کے سبب ان کی آبائی جائیداد کے خلاف ریکوری کارروائی شروع کر دی ہے۔ یہ جائیداد ضلع شاہجہاں پور کے گاؤں کندرا میں واقع ہے۔بینک حکام کے مطابق، یہ قرض ممبئی برانچ سے راج پال یادو کی اہلیہ رادھا یادو اور والدہ گوداوری کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں، 9 ستمبر کو جائیداد کی نیلامی کی جائے گی۔ اس ضمن میں شاہجہاں پور کے گاؤں کندرا میں واقع اداکار کے آبائی گھر پر اٹیچمنٹ نوٹس بھی چسپاں کر دیا گیا ہے۔گزشتہ دو سال کے دوران بھی اسی جائیداد پر نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد ایک معاہدہ ہوا کہ قرض کی ادائیگی کی جائے گا، لیکن واجبات مکمل طور پر ادا نہ ہونے کے سبب پھر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

راج پال یادو کے بڑے بھائی شری پال یادو کا کہنا ہے کہ، "یہ پرانا معاملہ ہے، اور بینک کے ساتھ قرض کی ادائیگی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ معاملہ جلد حل ہو جائے گا، اور فی الحال جائیداد کی نیلامی کی نوبت نہیں آئے گی۔"یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ماہ دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس کے متعدد مقدمات میں راج پال یادو کو تین ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔ یہ مقدمات 2010 میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’اتا پتا لاپتا‘ کی پروڈکشن کے لیے لیے گئے قرض سے متعلق ہیں، جن کی عدم ادائیگی کے سبب قانونی کارروائیاں شروع ہوئی تھیں۔