بھارتی آٹو مارکیٹ میں متبادل ایندھن والی گاڑیوں کی طلب میں اضافہ

بھارتی آٹو مارکیٹ میں متبادل ایندھن والی گاڑیوں کی طلب میں اضافہ

بھارت میں E20 پیٹرول کے ملک گیر نفاذ کے باعث صارفین کی بڑی تعداد متبادل ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں، خصوصاً سی این جی، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی طرف متوجہ ہونے لگی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن (FADA) کا کہنا ہے کہ جولائی 2026 کے دوران، متبادل ایندھن سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کی فروخت مجموعی مارکیٹ کا 40.59 فیصد رہی، جو پیٹرول گاڑیوں کے 41.68 فیصد حصے سے صرف 1.09 فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق، بھارت نے حال ہی میں E10 کی جگہ E20 پیٹرول متعارف کرایا ہے، جس میں 20 فیصد ایتھانول شامل کیا جاتا ہے تاکہ درآمدی خام تیل پر انحصار کم کیا جا سکے۔ تاہم، بعض صارفین کو خدشہ ہے کہ زیادہ ایتھانول پر مشتمل ایندھن، خصوصاً پرانی گاڑیوں کی کارکردگی اور فیول ایوریج کو متاثر کر سکتا ہے۔FADA کے نائب صدر سائی گیری دھر کے مطابق، ڈیلرز کو صارفین کی جانب سے E20 کے بارے میں سوالات موصول ہو رہے ہیں، مگر ہزاروں گاڑیوں کی سروسنگ کے باوجود، فی الحال ایندھن کی وجہ سے کسی واضح خرابی کی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال کے مقابلے میں پیٹرول گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 47.6 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 41 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ سی این جی گاڑیوں کا حصہ 21 فیصد سے بڑھ کر 24 فیصد ہو گیا ہے اور الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 5 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 8 فیصد ہو گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ، E20 پیٹرول سے متعلق غیر یقینی صورتحال، ایندھن کی بچت اور گاڑیوں کی مطابقت کے بارے میں خدشات نے کئی خریداروں کو پیٹرول گاڑی خریدنے سے روک دیا ہے۔ تاہم، واضح معلومات اور مؤثر آگاہی مہم اس بے یقینی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔FADA کے مطابق، جولائی میں بھارت میں مسافر گاڑیوں کی مجموعی ریٹیل فروخت میں سالانہ بنیاد پر 19.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور یہ بڑھ کر 4 لاکھ 16 ہزار 555 یونٹس تک پہنچ گئی ہے، جس کی بڑی وجوہات ٹیکس میں کمی اور نئے ماڈلز کی مارکیٹ میں آمد قرار دی جا رہی ہیں۔