لاہور پولیس شہداء کے اہلخانہ کی فلاح اولین ترجیح، سی سی پی او

رہائش، تعلیم، علاج اور شادی سمیت ہر ممکن ویلفیئر سہولیات کی فراہمی جاری رہے گی
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کے 343 شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے اور ان کی ویلفیئر کے لیے تاریخ ساز اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو ذاتی رہائش، بچوں کی شادی، معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی فیملیز کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ "شہداء ویلفیئر آئی" کے ذریعے اہلخانہ اپنے مسائل براہ راست سی سی پی او آفس تک پہنچا سکتے ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس ایک خاندان کی مانند ہے اور شہداء کے اہلخانہ کی ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔