ڈورپھرنے سے نوجوان لہولہان

لاہور(کرائم رپورٹر)غالب مارکیٹ کے علاقے میں لٹکتی ہوئی پتنگ کی ڈور سے ایک شہری زخمی ہوگیاپولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 23 سالہ حارث کے نام سے ہوئی، جو غالب مارکیٹ روڈ سے گزر رہا تھا کہ اچانک گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے سروسز اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہیایس پی ماڈل ٹائون اسد علی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماڈل ٹائون ڈویڑن میں رواں ماہ پتنگ بازی اور پتنگ سازی کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 26 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 26 ملزمان کو گرفتار کیا گیاحکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی اور پتنگ سازی پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔