اداکارہ کرینہ کپورنے اس پروجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان سنجے لیلا بھنسالی کی نئی پروڈکشن میں سائوتھ کے سپر اسٹار دھنوش کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے بات چیت کر رہی ہیں۔ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ دونوں کی پہلی مشترکہ فلم ہوگی۔اطلاعات کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی نے اپنی آئندہ فلم میں مرکزی رول کے لیے کرینہ کپور سے رابطہ کیا ہے۔ اس فلم میں دھنوش مرکزی کردار ادا کریں گے، جبکہ فیمیل کردار بھی کہانی میں برابر کی اہمیت رکھتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کرینہ نے اس پروجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور دونوں فریقین کے درمیان معاملات پر بات چیت جاری ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس خبر کی سب سے بڑی وجہ کرینہ کپور اور سنجے لیلا بھنسالی کے درمیان ماضی کا اختلاف ہے۔ اگر کرینہ اس فلم کے لیے حامی بھر لیتی ہیں تو یہ بالی ووڈ کے طویل ترین زیرِ بحث پیشہ ورانہ اختلافات میں سے ایک کا اختتام ہوگا۔