پاک‘سعودیہ سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط وزیراعظم اور فیلڈ مارشل3 رو زہ اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کرنا ہے‘ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے:دفترخارجہ
اسلام آباد(یواین پی‘آن لائن ‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک خط پیش کیا جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کے خط پر اظہارِ تشکر کیا گیا تھا۔ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے چین کے ساتھ آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے عوامی سطح پر رابطوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دریں اثناو خلیجی ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب وزیراعظم محمد شہباز شریف فیلڈ مارشل کے ہمراہ سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں وہ وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے جس میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کرنا ہے۔دورے کے دوران وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔