بڑے منصوبوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم شہبازشریف سربراہ‘اسحاق ڈار‘عبدالعلیم‘احسن اقبال بھی شامل
دین اسلام انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام کی لازوال تعلیمات پر مبنی ہے ‘حکومت معاشرے کے ہر فرد کی شمولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے:عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ ذرائع کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وزیر مواصلات عبد العلیم خان کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے اس کے علاوہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی شامل ہیں،اسٹیئرنگ کمیٹی ایم-6، ایم-8 اور ایم-5 اور این- 25 کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائے گی،سٹیئرنگ کمیٹی منصوبوں کی فنڈنگ، تعمیر کے موڈ پر بھی اوورسائٹ دے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے امید ہے نیا چینی سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔وزیر اعظم سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور سکیورٹی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیںمحمد شہباز شریف نے عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے آج ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کا ہفتہ منا رہے ہیں. یہ ہفتہ پوری دنیا میں متنوع مذہبی برادریوں کے مابین مکالمے، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔پاکستان، جس کا تصور ہمارے بانی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے تمام مذاہب کے لئے ایک محفوظ ملک کے طور پر دیا تھا، ہر شہری کے عقیدے، وقار اور مساوات کے آئینی حق پر ثابت قدم ہے۔ ہمارا دین اسلام جو انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام کی لازوال تعلیمات پر مبنی ہے، ہمیں اس حوالے سے مثالی طرز عمل اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہم شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے والی پالیسیوں کے ذریعے ان اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔ نفرت کے بیج بونے والوں کو ہم بات چیت، خوف کی فضاء پھیلانے والوں کو ہمت، اور تقسیم کرنے والوں کو ہم اکٹھے ہونے کا جواب دیتے ہیں۔ حکومت معاشرے کے ہر فرد کی شمولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔