سفیر سے ملاقات میںشہبازشریف کا باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعاد ہ دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار
شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم کی ٹیلی فون کال، عید کی مبارکباد ‘ امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘پاکستان کی امن کوششوں میں مکمل تعاون کریں گے: داتو سری انور ابراہیم کی یقین دہانی
ہر شہری کا اپنا گھر ہونا بنیادی حق ، حکومت کی اولین ترجیح آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ہے، مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں، خصوصاً سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے:وزیراعظم
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعادہ کیا ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے ٹو سیشنز کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے تحت سی پیک ٹو کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کا اعادہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 75 ویں سالگرہ پر رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا بھی اعادہ کیا‘دریں اثناء شہباز شریف کوملائیشیا کے وزیراعظم عزت مآب داتو سری انور ابراہیم کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کی خوشیوں میں ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور امت مسلمہ کی اتحاد و ترقی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ کی جانے والی حالیہ سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نے پاکستان کی امن کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا‘علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر شہری کا اپنا گھر ہونا ایک بنیادی حق ہے۔ اور حکومت کی اولین ترجیح آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کم لاگت گھروں کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم جائزہاجلاس کی صدارت کرتے ہوے کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہر شہری کا اپنا گھر ہونا ایک بنیادی حق ہے اور حکومت کی اولین ترجیح آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ملکی رہائشی شعبے کی وسیع استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کی راہ میں موجود رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں، خصوصاً سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔