مودی کی صدر شی جن پنگ سے ملاقات، چین سے تعلقات بہتر کرنے کے عزم کا اظہار

 تیانجن (آئی این پی )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا ہے کہ نئی دہلی بیجنگ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔غیرملکی خبررسا ں ادار کے مطابق اتوار کو پورٹ سٹی تیانجن میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں نے برسوں سے جاری سرحدی کشیدگی کو پسِ پشت ڈالنے پر اتفاق کیا۔مودی 7 سال بعد پہلی بار چین پہنچے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)  کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں ۔اس اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت وسطی، جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا اور مشرقِ وسطی کے رہنما شریک ہیں، جو عالمی جنوب یکجہتی کا مظاہرہ ہے۔نریندر مودی نے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا کہ ہم باہمی احترام، اعتماد اور حساسیتوں کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔یہ ملاقات امریکا کی جانب سے روسی تیل کی خریداری کے باعث بھارتی اشیا پر 50 فیصد ٹیرف عائد کے جانے کے صرف 5 دن بعد ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی