روم: اطالوی پارلیمنٹ میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے جرات مندانہ مظاہرہ، فائیو اسٹار موومنٹ کے ارکان نے فلسطینی پرچم کے رنگوں والے لباس پہن کر اجلاس میں شرکت کی
اطالوی پارلیمنٹ میں فلسطینی عوام کے حق میں ایک انوکھا اور دلیرانہ اقدام دیکھنے میں آیا۔ فائیو اسٹار موومنٹ کے ارکان نے فلسطینی پرچم کے رنگوں والے لباس پہن کر اجلاس میں شرکت کی، جس کا مقصد فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کا مظاہرہ کرنا تھا۔ پارٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ “ہم آج یہ پرچم نہیں لہرا رہے کیونکہ آپ ہم سے چھین لیں گے، اس لیے ہم نے اسے اپنے جسم پر پہن لیا ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی پرچم اب صرف ایک قوم کا نشان نہیں رہا بلکہ یہ دنیا بھر میں انسانیت، مزاحمت اور آزادی کی علامت بن چکا ہے۔
یہ علامتی اقدام اسرائیلی حملوں کے خلاف عالمی سطح پر جاری احتجاج کا حصہ ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام سے ہمدردی اور حمایت ظاہر کرنا ہے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 90 افراد امداد کے منتظر تھے۔ یہ اقدام فلسطینیوں کے حق میں عالمی سطح پر جاری حمایت اور انسانی حقوق کے لیے برپا ہونے والی آواز کا مظہر ہے۔