ویب ڈیسک: گھانا میں افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثے نے قوم کو غمگین کر دیا ہے۔
اس المناک واقعے کے بعد حکومت نے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری جھنڈے سرنگوں رہیں گے۔ صدر جان درامانی مہاما نے بھی اپنی تمام سرکاری مصروفیات معطل کر دی ہیں تاکہ اس موقع پر قوم سے اظہارِ تعزیت کیا جا سکے۔صدر جان مہاما کے چیف آف اسٹاف، جولیس ڈیبرا کے مطابق، یہ افسوسناک حادثہ ملک کے جنوبی علاقے اشانتی میں پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں وزیر دفاع ایڈورڈ اومانے بواماہ اور وزیر ماحولیات ابراہیم مرتضیٰ محمد شامل ہیں۔ جولیس ڈیبرا کا کہنا ہے کہ صدر اور حکومت قوم کی خدمت میں جان قربان کرنے والے شہداء اور ان کے خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
اس واقعے میں دیگر اہم شخصیات بھی جان کی بازی ہار گئیں، جن میں سابق وزیر زراعت اور قومی سلامتی کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر الحاجی محمد منیرو لیمنہ اور صدر مہاما کی نیشنل ڈیموکریٹک کانگریس پارٹی کے نائب چیئرمین سیموئل سارپونگ شامل ہیں۔گھانا کی فضائیہ نے بتایا ہے کہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر، جو صبح 9 بجے دارالحکومت اکرا سے روانہ ہوا تھا، کچھ دیر بعد ریڈار سے غائب ہو گیا۔ یہ ہیلی کاپٹر اوبواسی جا رہا تھا، جو دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع ہے۔ حادثے کے بعد سرکاری سطح پر تمام جھنڈے سرنگوں کرنے اور تعزیت کے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ صدر مہاما نے اپنی سرکاری مصروفیات معطل کر دی ہیں۔