اسلام آباد سانحہ: مجلس وحدت مسلمین کا تین روزہ سوگ، ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد سانحہ: مجلس وحدت مسلمین کا تین روزہ سوگ، ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں جامع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ شہداء کے بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔سانحہ اسلام آباد کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر عمائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 31 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ ایک خودکش حملہ آور نے کیا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کی شناخت کر لی گئی ہے، جس نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی تھی۔

پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق 105 زخمیوں اور 30 میتوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 27 میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔