غزہ میں کوئی بھی جواز ان اندھی گولیوں، ایک پوری آبادی کو بھوکا مارنے اور محصور لوگوں کو اجتماعی سزا دینے کو درست قرار نہیں دے سکتا
یونیسف نے غزہ کی صورتحال کو بچوں کیلئے تکالیف کا مکمل طوفان قرار دیا‘ جنگ ختم ہونی چاہیے:پاکستان کے مستقل مندوب کا خطاب
نیویارک(آئی این پی )قوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے غزہ میں فلسطینیوں کی ناقابل تصور تکالیف ختم کرانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں، جو عام شہریوں کے خلاف ہے، ختم ہونی چاہیے۔پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے یہ بات مشرق وسطی سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا ہمیں زمینی صورت حال کی سنگینی کا بھی ادراک ہونا چاہیے اور یہ صرف ہم یا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اراکین ہی نہیں جو یہ منظر دیکھ رہے ہیں یا تشویش میں مبتلا ہیں ، بلکہ پوری دنیا بے یقینی کے عالم میں یہ سب دیکھ رہی ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں کو اٹھانا پڑا ہے۔ کوئی بھی جواز ان اندھی گولیوں، ایک پوری آبادی کو بھوکا مارنے اور محصور لوگوں کو اجتماعی سزا دینے کو درست قرار نہیں دے سکتا۔ یونیسف نے اس صورتحال کو بچوں کے لیے تکالیف کا مکمل طوفان قرار دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسے عظیم انسانی تباہی سے تعبیر کیا ہے۔ورلڈ فوڈ پروگرام نے بالکل واضح الفاظ میں کہا ہے: یہ ایک ایسی تباہی ہے جو ہماری آنکھوں کے سامنے، ہماری ٹی وی اسکرینوں پر رونما ہو رہی ہے۔ پاکستان فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی، مکمل اسرائیلی انخلا، یرغمالیوں کی رہائی، اور انسانی امداد کی آزادانہ فراہمی کا مطالبہ کرتا ہے