اسمبلی چلانے، ماحول بہتر بنانے کے لئے اپوزیشن مل کر بیٹھے، اس سے عام آدمی اور سیاست دان، دونوں کا فائدہ ہوگا:وفاقی وزیر قانون
حکومت کا رویہ غیر جمہوری ہوتا جارہا ہے، ہمارے ممبران کی نااہلی خلاف قانون اور خلاف آئین ہے،انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں:چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد(آ ئی این پی )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اسمبلی چلانے، ماحول بہتر بنانے اور قانون سازی کے لیے اپوزیشن ہمارے ساتھ مل کر بیٹھے، اس سے عام آدمی اور سیاست دان، دونوں کا فائدہ ہوگا۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات بھی ہیں، انہوں نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں لوگوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں بھرپور احتجاج کیا، حکومت کا رویہ دن بدن غیر جمہوری ہوتا جارہا ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہمارے بزرگ سیاستدانوں کو جیل میں ڈال دیا گیا، پی ٹی آئی نے الیکشن میں 180 نشستیں جیتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف 90 کے قریب نشستیں دی گئیں، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، زرتاج گل اور جمشید دستی سمیت دیگر رہنمائوں کو نااہل کیا گیا، ہمارے ممبران کی نااہلی خلاف قانون اور خلاف آئین ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس آئین کے مطابق اس طرح نااہلی کا اختیار نہیں، اس عمل میں آئین قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو بالائے طاق رکھا گیا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا گیا، ہماری آواز کو ہر جگہ دبایا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے 9 مئی کی ہمیشہ مذمت کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت رواں دواں ہو، لیکن انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں۔