فوری طور پر نافذالعمل ہوگا، بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا :وائٹ ہائوس
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت ہر عائد 25 فیصد ٹیرف میں مزید پچیس فیصد اضافہ کردیا۔بھارتی میڈیا نے وائٹ ہائوس کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بھارت پر اب مجموعی امریکی ٹیرف پچاس فیصد ہوگیا۔ وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روس کے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کردیئے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں بھارت کو دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف لگانے والے ممالک میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا مناسب اور ضروری ہے، بھارت روس سے براہ راست اور بالواسطہ تیل درآمد کر رہا ہے، بھارت نے غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں بھی عائد کی ہوئی ہیں جو امریکی مفادات کے خلاف ہیں