حکومت نے ہر ہفتے 50 سے 60 ارب روپے تک سبسڈی دے کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی:وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک
اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اس معاملے پربحث کا مطالبہ کیاجس کی حکومتی ارکان کی طرف سے حمایت کی گئی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا عالمی حالات کشیدہ ہونے کے بعد وزیراعظم نے فوری کمیٹی تشکیل دی، جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھ کر 170 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں جبکہ انشورنس لاگت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اس کے باوجود حکومت نے ہر ہفتے 50 سے 60 ارب روپے تک سبسڈی دے کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔ طارق فضل چودھری نے کہا کہ کابینہ کے ارکان نے اپنی چھ ماہ کی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اخراجات کم کرنے کیلئے بڑی گاڑیوں کا استعمال بھی محدود کر دیا گیا ہے۔