ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی، منصوبہ بندی اور مستقبل کی ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
غیر ملکی یونیورسٹیوں کی دلچسپی
اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا، اور قازقستان سمیت کئی بین الاقوامی تعلیمی اداروں نے پنجاب میں کیمپس قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جو صوبے میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم کو فروغ دینے کا سبب بنے گا۔
سرکاری کالجز کے لیے نئی اصلاحات
پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ انتظامی معاملات میں شفافیت اور کارکردگی لائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں "کے پی آئی" (Key Performance Indicators) سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت وائس چانسلرز اور تعلیمی عملے کی کارکردگی کو مخصوص معیارات کے مطابق جانچا جائے گا۔
ایجوکیشن ویجی لینس اسکواڈ کی منظوری
وزیراعلیٰ نے صوبے میں "ایجوکیشن ویجی لینس اسکواڈ" قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو تعلیمی اداروں میں اچانک معائنہ کرے گا۔ اسکواڈ کی ذمہ داریوں میں اساتذہ و عملے کی حاضری، صفائی، تدریسی معیار اور دیگر انتظامی امور کی جانچ شامل ہوگی۔ اس اسکواڈ کی نگرانی وزیر تعلیم کے سپرد کی جائے گی اور رپورٹ کی بنیاد پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یونیورسٹیوں کی درجہ بندی اور کارکردگی
پنجاب کی یونیورسٹیوں کی کارکردگی کو "گرین، بلیو، ییلو، اور گرے" رنگوں پر مبنی درجہ بندی میں تقسیم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ہے، تاکہ ہر ادارے کی کارکردگی کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے انڈر پرفارمنگ کالجز کی رپورٹ بھی فوری طور پر طلب کر لی ہے۔
لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالرشپ پر بریفنگ
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم اور ہونہار اسکالرشپ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے بھی 19 ہزار سے زائد طلبہ اس اسکیم کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔
سٹریٹجک پلان 2025-29 اور مستقبل کی حکمت عملی
اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کے لیے سٹریٹجک پلان / روڈ میپ 2025-29 کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس پلان میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں گورننس ریفارمز، ادارہ جاتی خودمختاری، تدریسی معیار، تخلیقی علم، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، انسانی وسائل کی ترقی اور بین الاقوامی روابط کو شامل کیا گیا ہے۔
پہلی ہائر ایجوکیشن کانفرنس کی منظوری
پنجاب میں پہلی مرتبہ "ہائر ایجوکیشن کانفرنس" کے انعقاد کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرینِ تعلیم، وائس چانسلرز، پالیسی ساز اور طلبہ نمائندگان شریک ہوں گے۔
غیرفعال کالجز پر فوری رپورٹ طلب
وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں غیر فعال کامرس کالجز سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، تاکہ تعلیمی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔