ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر، پنجاب میں بڑے اور اہم فیصلوں کی تیاری کی جا رہی ہے۔
محکمہ توانائی نے اپنی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی ہیں، جن میں توانائی کے بچاؤ اور موثر استعمال کے لیے کئی اہم اقدامات شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق، وفاق کی طرز پر پنجاب میں فیول راشننگ نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ، 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں تعطیلات اور اسکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم اپنانے کی سفارش کی گئی ہے، تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔ پٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ڈیجیٹل سسٹم یا کوپنز متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔
نجی شعبے کے لیے ورک فرام ہوم کے سخت ہدایات دی گئی ہیں، تاکہ غیر ضروری آمد و رفت سے بچا جا سکے۔ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے، مارکیٹ کے اوقات کار مزید محدود کرنے اور رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو کم یا متبادل موڈ پر چلانے کی سفارش بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں، ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے تاکہ بجلی کی بچت کی جا سکے۔ یہ تمام اقدامات توانائی کی کمی کو کم کرنے اور ملک کے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔ حتمی فیصلوں کے لیے حکومت ان سفارشات کا جائزہ لے رہی ہے۔