خیبر پختونخوا میں بارشوں کے شدید اثرات، 47 افراد جاں بحق اور 117 زخمی

خیبر پختونخوا میں بارشوں کے شدید اثرات، 47 افراد جاں بحق اور 117 زخمی

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے شدید اثرات کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 47 افراد جاں بحق جبکہ 117 زخمی ہو چکے ہیں۔

 صوبے کے مختلف اضلاع میں گزشتہ چند روز کے دوران شدید بارشیں جاری رہی ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔تفصیلات کے مطابق، پچھلے 4 روز میں 21 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے، جبکہ 25 مارچ سے جاری بارشوں کے مجموعی اثرات کے تحت 47 افراد ہلاک اور 117 زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 27 بچے، 13 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 21 خواتین اور 51 بچے شامل ہیں۔بارشوں کے باعث اب تک 652 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 554 گھروں کو جزوی اور 98 گھروں کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔ یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع میں پیش آئے، جن میں بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کو امدادی سامان روانہ کیا گیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 اپریل سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث دریائے کابل نوشہرہ کے مقام پر نچھلے سے درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی ایڈوائزری اور الرٹس پر عمل کریں۔ ایمرجنسی صورتحال سے آگاہی اور مدد کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔