خیبر پختونخوا: شدید بارشوں کے باعث 25 افراد جاں بحق، 77 زخمی

خیبر پختونخوا: شدید بارشوں کے باعث 25 افراد جاں بحق، 77 زخمی

خیبر پختون خوا میں موسلا دھار بارشوں اور چھتوں و دیواروں گرنے کے واقعات میں اب تک 25 افراد ہلاک اور 77 زخمی ہو گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان میں 18 بچے، 2 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9 خواتین اور 35 بچے ہیں۔ بارشوں کے باعث 88 گھر متاثر ہوئے، جن میں 71 گھروں کو جزوی اور 17 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔حادثات صوبے کے بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ متاثرین کی مدد کے لیے مکمل طور پر فعال ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ ہلاک شدگان کے لواحقین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر نہ کریں، حساس سیاحتی مقامات پر نہ جائیں اور حکومتی الرٹس/ایڈوائزری پر عمل کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ یکم اپریل سے 4 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔