اسرائیل کے فضائی حملے، بیروت کے مشرق میں 3 افراد جاں

لبنان کے دریائے لیطانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو عملی فوجی زون میں بدل دیا 
بیروت،تل ابیب(آئی این پی )لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مشرق میں تازہ  اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے   جبکہ   لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل اور جنوبی لبنان کی سرحد کے ساتھ اسرائیلی افواج اور تنصیبات پر متعدد حملے کیے ہیں،اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر  نے کہا ہے کہ لبنان کے دریائے لیطانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو عملی فوجی زون میں بدل دیا  گیا ہے ۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق   لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت بیروت کے مشرق میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے  ۔حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ادھر لبنان کی حزب اللہ  تنظیم کے بیان کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے شاما کے قریب اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کیلئے دھماکہ خیز آلات نصب کیے گئے جبکہ بعد میں موقع پر پہنچنے والی امدادی ٹیم پر بھی حملہ کیا گیا۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے ایناتا کے قریب اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور اجتماع گاہوں پر راکٹ حملے کیے، اس کے علاوہ خیام کے مشرقی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔تنظیم کے مطابق شمالی اسرائیل کے مختلف شہروں کی جانب بھی راکٹ فائر کیے گئے، جبکہ شمالی اسرائیل میں واقع میرون کے فضائی کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کو بھی ہدف بنایا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے کہا ہے کہ لبنان کے دریائے لیطانی کے جنوب میں تمام علاقوں کو عملی فوجی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں حزب اللہ کے خلاف زمینی کارروائیاں جاری ہیں، لبنان کی جانب سے بلند فاصلے تک مار کرنے والی فائرنگ کو دبانے میں وقت لگے گا اور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ نے جنوبی لبنان کا دورہ کرکے وہاں تعینات اہلکاروں سے ملاقات بھی کی ہے، جبکہ شدت پسند کارروائیوں اور اسرائیلی زمینی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیل شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور جنوبی لبنان پر طویل عرصے تک قبضے کی تیاری کر رہا ہے۔