ایران کے امریکی سفارتخانوں پر حملے
تہران میں صدارتی دفاتر ، سرکاری ٹی وی کے ہیڈا کورٹرز پر بمباری،نئے ایرانی رہبر کے انتخاب کیلئے قائم مجلس خبر گان کی عمارت تباہ ،امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران میں اب تک 787 افراد شہید ہو چکے
ریاض، تہران (خصوصی رپورٹ )ایران کے امریکی سفارتخانوں پر حملے،ریاض میں سفارتخانہ ، دبئی میں قونصل خانہ خاکستر، کویت ، بیروت میں سفارتخانے بند ،مشرق وسطٰی سے امریکیوں کا انخلا جاری ہے ایران نے منگل کے روز مشرقِ وسطیٰ بھر میں معاشی اہداف اور امریکی تنصیبات پر اپنے حملے تیز کر دئیے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے جنگ سے بچنے کی خاطر مذاکرات کی کوشش کرنا بیکار ہے ، اب "بہت دیر ہو چکی ہے"۔جب ڈرون اور میزائل خلیجی ممالک میں تیل کی تنصیبات اور امریکی سفارت خانوں پر گرے، تو واشنگٹن کے اتحادی اسرائیل نے ایران میں اہداف پر بمباری کی اور تہران کی حمایت یافتہ ملیشیا حزب اللہ سے لڑنے کے لیے اپنی فوج کو لبنان میں مزید اندر تک بھیج دیا۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارت خانے کو دو ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا ۔زور دار دھماکوں کے بعد سفارت خانے کی عمارت میں آگ لگ گئی۔حملے کے وقت سفارت خانہ خالی تھا۔ا مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا جلد جواب دیا جائے گا۔اے ایف پی کے مطابق سعودی دارالحکومت میں غیر ملکی سفارت خانے اور غیر ملکی سفارت کاروں کی رہائش گاہوں میں سیاہ دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے نے سعودی شہر ظہران میں متوقع حملے سے خبردار کیا۔ ظہران خلیج کے ساحل کے ساتھ مملکت کی بیشتر تیل اور گیس تنصیبات کا مرکز ہے۔سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر کہا:"ظہران کے اوپر میزائل اور بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرون) کے فوری حملے کا خطرہ ہے۔ امریکی قونصل خانے کے قریب نہ آئیں۔"۔اردن میں امریکی سفارتخانہ سکیورٹی الرٹ کے باعث خالی کر دیا گیا۔کویت میں امریکی سفارتخانہ تاحکم ثانی بند کر دیا گیا ۔ایکس پر اپنی پوسٹ میں امریکی سفارتخانے نے لکھا کہ وہ تمام اپائنٹمنٹس کو منسوخ کر رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ’سنگین حفاظتی خطرات‘ کے پیشِ نظر امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر حصوں سے فوری طور پر نکل جائیں۔یہ ہدایت ان شہریوں پر لاگو ہوتی ہے جو بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل، مغربی کنارے، غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن میں موجود ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بحرین، عراق، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات سے نان ایمرجنسی عملے کو واپس بلالیا ہے۔ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور کے کمانڈر ان چیف کے مشیر ابراہیم جباری نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جو بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرے گا اسے آگ لگا دی جائیگی۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان علی محمد نائینی نے خبردار کیا کہ "امریکا اور اسرائیل پر جہنم کے دروازے لمحہ بہ لمحہ مزید کھلتے جائیں گے"۔عمان میں دقم کی بندرگاہ پر ایک تیل کی ٹنکی کو ایک ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا ۔ گذشتہ ہفتے بھی اسی بندرگارہ کو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق ایران نے سلطنت عمان پر ہونے والے حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ بحرین میں ایک حملے میں امریکی فضائی اڈا تباہ کر دیا گیا۔نیوز ایجنسی فارس کا دعویٰ ہے کہ پاسدران انقلاب کے ڈرون اور میزائل حملے میں بحرین کے علاقے شیخ عیسیٰ میں امریکی کمانڈ اور وہاں کام کرنے والے عملے کو نقصان پہنچا۔ متحدہ عرب امارات میں ایک تیل ذخیرہ کرنے والے علاقے پر مار گرائے گئے ڈرون کے ملبے سے نقصان پہنچا، یوں لگتا ہے کہ ایران نے امریکی تنصیبات سے آگے بڑھ کر دیگر اہداف کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔قطر کی سرکاری کمپنی قطر انرجی نے اعلان کیا کہ ایران کی جانب سے دو گیس پراسیسنگ پلانٹس پر حملے کے بعد وہ یوریا، پولیمر، میتھانول اور ایلومینیم سمیت بعض مصنوعات کی نچلی سطح کی پیداوار عارضی طور پر روک دے گی۔اس اعلان کے فوراً بعد لندن میٹل ایکسچینج میں ایلومینیم کی قیمت میں دو فیصد اضافہ ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے ایران میں صدارتی دفاتر پر متعدد بم گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس کی فضائیہ نے ایران ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈکوارٹر ’تباہ‘ کر دیا۔تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر حملے کیے گئے، اور مشرقی تہران کے علاقے حکیمیہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔فوج نے کہا کہ ایرانی شہری تہران کے ایک صنعتی علاقے اور تہران کے قریب واقع پیام انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آس پاس کے علاقوں کو چھوڑ دیں۔روسی سرکاری جوہری کارپوریشن روساٹوم نے منگل کے روز کہا کہ اس نے ایرانی شہر بوشہر میں قائم جوہری بجلی گھر میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں ۔اس سے پہلے روساٹوم کے سربراہ الیکسی لیخاچیف نے کہا تھا کہ روس کے تعمیر کردہ اس پلانٹ کو بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطرہ لاحق ہے۔لیخاچیف نے کہا کہ بوشہر کے پلانٹ میں 600 سے زائد عملہ موجود تھا اور وہ ملک چھوڑ رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، امریکی اور اسرائیلی حملوں نے اس عمارت کو نشانہ بنایا جہاں ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے قائم مجلس خبر گا ن رہبری کا دفتر واقع ہے۔ قم میں اس عمارت کو فضائی حملے میں ملیامیٹ کر دیا گیا ۔مجلس خبرگان تقریباً 88 سینئر علماء پر مشتمل ایک کونسل ہے۔ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران میں اب تک 787 افراد شہید ہو چکے ہیں۔دوسری جانب امریکا میں موجود انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ھرانا کا کہنا ہے کہ اب تک ان حملوں میں 176 بچوں سمیت 742 افراد شہید ہوئے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیلی افواج کو اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ "لبنان میں مزید اہم سٹریٹجک مقامات پر پیش قدمی کریں اور کنٹرول حاصل کریں تاکہ اسرائیلی سرحدی آبادیوں پر حملوں کو روکا جا سکے"۔کچھ ہی دیر بعد فوجی ترجمان نے کہا:"عملی طور پر شمالی کمان نے پیش قدمی کر لی ہے اور جیسا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا، ہمارے شہریوں اور کسی بھی خطرے کے درمیان ایک حفاظتی بفر قائم کیا جا رہا ہے۔"لبنانی فوجی ذریعے کے مطابق، اسرائیلی "کشیدگی میں اضافے" کے بعد لبنانی فوج نے جنوبی سرحد کے قریب تعینات اپنے دستے واپس اپنے اڈوں پر منتقل کر دئیے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے ترجمان نے کہا کہ 30 ہزار لبنانی اپنے گھروں سے بے دخل ہو کر اجتماعی پناہ گاہوں میں رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ "بہت سے لوگ سڑکوں کے کنارے اپنی گاڑیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہیں"۔ حزب اللہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے اسرائیل کے تین فوجی اڈوں پر حملہ کیا ۔ٹیلی گرام پر تین مختلف پوسٹس میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں میں موجود نافہ اڈے جبکہ شمالی اسرائیل میں میرون اور رمات ڈیوڈ فضائی اڈے کو ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا "ان کا فضائی دفاع، فضائیہ، بحریہ اور قیادت ختم ہو چکی ہے۔ وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے کہا: 'اب بہت دیر ہو چکی ہے!'" چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیل کے وزیر خارجہ جدعون ساعر سے ٹیلیفونک گفتگو میں خبردار کیا کہ بیجنگ ان حملوں کی مخالفت کرتا ہے۔ یہ ختم ہونے چاہئیں انہوں نے کہا:"طاقت مسائل کا حقیقی حل نہیں ہے ، بلکہ یہ صرف نئے مسائل اور سنگین نتائج کو جنم دے گی۔