امریکہ اور اسرائیل نے بیروت میں تباہ کن ٹیکنالوجی کھو دی

 تل ابیب  (آئی این پی ) امریکہ  اور اسرائیل نے لبنان کی حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ بیروت کے جنوبی مضافات سے ملنے والا وہ اسرائیلی بم فورا واپس کیا جائے جو حالیہ حملے میں استعمال ہوا مگر پھٹ نہ سکا۔ دونوں ممالک کو خدشہ ہے کہ اگر جدید ٹیکنالوجی کا حامل یہ بم روس یا چین کے ہاتھ لگ گیا تو وہ اس کے فوجی راز حاصل کر سکتے ہیں۔اسرائیلی اخبار معاریو کے مطابق مذکورہ بم اسمارٹ گلائیڈ گائیڈڈ میونیشن جی بی یو-39 بی ہے، جسے امریکی کمپنی بوئنگ تیار کرتی ہے۔ یہ بم اسرائیلی فضائیہ نے بیروت میں حزب اللہ کے مبینہ چیف آف اسٹاف ہشام علی طبطبائی کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق نامعلوم وجوہات کی بنا پر بم پھٹ نہ سکا اور حملے کی جگہ پر تقریبا صحیح حالت میں پڑا رہا۔یہی بات واشنگٹن اور تل ابیب دونوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے، کیونکہ اس میں جدید گائیڈنس سسٹم اور انتہائی طاقتور وارہیڈ موجود ہے، جنہیں روس یا چین ابھی تک اپنے ہتھیاروں میں استعمال نہیں کرتے۔