ہزاروں افراد نے لاہور کی ثقافت اور ورثے کو پرفارمنسز کے ذریعے محسوس کیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے زیر اہتمام میلہ بہاراں ثقافتی جشن کے ساتھ دہلی دروازہ میں اختتام پذیر ہوگیا۔تین روز میں ہزاروں افراد نے لاہور کی بھرپور ثقافت اور ورثے کو پرفارمنسز، ورکشاپس، کہانی سنانے کے سیشنز اور روایتی دستکاریوں کے ذریعے محسوس کیا۔اس سال کے میلے کی سب سے خاص بات اس کی دلکش پھولوں کی نمائش اور فنکارانہ پھولوں کی آرائش تھی۔ آخری دن کی تقریبات میں گلی سورجن سنگھ پر ایک شاندار لائیو سارنگی پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا جس نے سامعین کو کلاسیکی موسیقی کے سنہری دور کی یاد دلاتے ہوئے تخیلات کی دنیا میں پہنچا دیا۔ میلے کے اختتام پر خصوصی داستان گوئی سیشن بھی منعقد کیا گیا جہاں معروف داستان گو نے دل کو چھو لینے والی کہانیاں سنائیں۔