3دن: 2772 غیر ملکی ہولڈنگ سینٹرز منتقل

پاکستان سے 1336 افراد ڈی پورٹ، کراچی 300 ، راولپنڈی 353 حافظ آباد سے 120افغانی کیمپ منتقل 
لاہور(کرائم رپورٹر)غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کی حکومتی مہم کی روشنی میں 1336 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نیبتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا۔ 2810 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ غیر قانونی تارکین کے انخلا کیلئے صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین کو ہرصورت واپس بھجوایا جائے گا جبکہ غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلاء￿  کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ متعلقہ اداروں کیساتھ کوارڈینیشن سے تارکین وطن کو مخصوص پوائنٹس سے پنجاب کی حدود سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ منتقلی کے لئے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی میپنگ، سکیننگ، سکریننگ کے مطابق چیکنگ کی جائے۔ انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ تمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر انخلا کے عمل کے دوران ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوارڈینیشن رکھیں۔دوسری جانب کراچی میں بسوں کے ذریعے 300 غیر ملکیوں کو سلطان آباد بیس کیمپ سے روانہ کر دیا گیا، غیر ملکیوں کو براستہ جیکب آباد چمن بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیاجائے گا۔راولپنڈی میں بھی افغان شہری کارڈ ہولڈرز کیخلاف ایکشن لیا گیا، جہاں 353 سے زائد افراد کو تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کر دیا گیا۔حافظ آباد پولیس نے ضلع بھر میں افغانیوں کے خلاف کریک ڈائون کرکے اب تک 120سے زائد افغانیوں کو حراست میں لیکرٹبہ کے مقام پر قائم کردہ افغان کیمپ میں منتقل کردیا جہاں سے انہیں افغانستان منتقل کردیا جائے گاجبکہ کریک ڈائون کے بعد متعدد افغانی زیر زمین چلے گئے۔