کریک ڈائون: 93 غیر قانونی طور پر مقیم افغانی ہولڈنگ سینٹر منتقل

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ سٹی ڈویڑن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 121 افغان باشندوں کو تحویل میں لیا، جن میں سے دستاویزات کی تصدیق کے بعد 28 افراد کو رہا کر دیا گیا، جبکہ 93 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ہولڈنگ سینٹر ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے زیر حراست افراد کو متعلقہ حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کا امن و امان برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔