غیرت کے نام پر خون: راولپنڈی میں نوجوان جوڑے کو گولی مار دی گئی

غیرت کے نام پر خون: راولپنڈی میں نوجوان جوڑے کو گولی مار دی گئی

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان جوڑے کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم لڑکی کا بھائی ہے جو دونوں کو قتل کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔

 مقتول لڑکا حیدر کلر سیداں کا رہائشی تھا، جبکہ لڑکی لائبہ اپنے بھائی کے ساتھ دھمیال میں مقیم تھی۔ اطلاعات کے مطابق، حیدر نے لائبہ سے شادی کا پیغام دیا تھا، لیکن لڑکی کے گھر والے راضی نہیں تھے۔ واقعے کے بعد دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں، اور پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔

دوسری شادی کے تنازعے پر وکیل کا قتل
اسی دوران، راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے دھمیال گاؤں میں دوسری شادی کے تنازعے پر ایک وکیل کو قتل کر دیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، وکیل کاشف تیمور کو اس کی دوسری اہلیہ شائستہ رزاق کے بیٹے حسنین اظہر اور اس کے ساتھی حسن علی نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔ ملزمان نے مقتول کو رات کے وقت گھر بلایا اور وہیں فائرنگ کر دی۔پولیس نے مقتول کے چچازاد بھائی کی مدعیت میں شائستہ رزاق، حسنین اظہر، حسن علی اور نورالعین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تحقیقات کے مطابق، کاشف تیمور نے شائستہ رزاق سے دوسری شادی کر لی تھی، جس کے بعد سے خاندانی تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس ملزمان کی تلاش میں کارروائی کر رہی ہے۔ان واقعات نے راولپنڈی میں قانون و صورت حال پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ پولیس نے دونوں مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔