پی ایس ایل سیزن 10 کے میچز کی سکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی

پی ایس ایل سیزن 10 کے میچز کی سکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی

ویب ڈیسک: لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کی سکیورٹی کے لیے پاک آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے گئے ہیں۔

 یہ فیصلہ ایونٹ کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور معزز مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔تفصیلات کے مطابق، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے میچز کے لیے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور پاک آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، تینوں سٹیشنز پر سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں، اور سکیورٹی کے لیے پاک آرمی اور رینجرز کے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک طلب کی گئی ہیں۔ پی ایس ایل میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز کی شرکت کی وجہ سے یہ ایک ہائی پروفائل ایونٹ ہے، جس کے دوران ٹیموں کے قیام، سفر اور میچز کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو آرمی اور رینجرز کی خدمات فراہم کرنے کی باضابطہ درخواست بھی بھیج دی ہے۔ اس فیصلے کے ذریعے پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران امن و امان کے مسائل سے بچا جا سکے گا اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔