وفاقی وزارت داخلہ نے 5 سے 10 فروری کے دوران کرکٹ میچز کے لیے پاکستان آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
کرکٹ میچز کے دوران قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان آرمی اور رینجرز پنجاب کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ سہ ملکی کرکٹ سیریز میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 8 اور 10 فروری کے میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 اور 6 فروری کو پاکستان پہنچے گی، اور 6 فروری کو فلڈ لائٹس میں پریکٹس کرے گی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی۔ سہ فریقی ایونٹ کے میچز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 فروری سے ایل سی سی گراؤنڈ میں شروع ہوگا، جس میں محمد رضوان کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ تیار ہوگا۔ سہ ملکی کرکٹ سیریز کا آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گی، جس کے میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے۔