کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام: اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد

 سی ٹی ڈی نے سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب سے 20کلو گرام آئی ای ڈی، زیر زمین دفن 50کلو گرام ہائی گریڈ دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا
 دہشت گرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ایک بہت بڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،ترجمان سی ٹی ڈی،مقدمہ درج
کوئٹہ(آئی این پی)کائونٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے سریاب سے بھاری مقدار میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردوں نے کوئٹہ شہر میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب جمع کر رکھا ہے جس پر سی ٹی ڈی نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے سریاب روڈ پر ریڈیو پاکستان ٹاور کے قریب سے 20 کلو گرام آئی ای ڈی جس میں ریموٹ ڈیٹنیشن میکانزم نصب تھا، زیر زمین دفن 50 کلو گرام ہائی گریڈ دھماکا خیز مواد، 5 دستی بم، 3x9 ایم ایم پستول، ڈیٹونیٹرز، وائرنگ اور ٹرگرنگ آپریٹس برآمد کرکے قبضہ میں لے لیے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد آئندہ 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ایک بہت بڑے دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن سی ٹی ڈی کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ اسلحہ و دھماکا خیز مواد فارنزک کیلئے بھجوایا جائے گا۔